ستائیس اکتوبر اس جدوجہد کا نکتہ آغاز ہے جو کشمیر کے عوام نے آج سے کئی عشرے قبل ہندوستان کے ناجائز تسلط کے خلاف شروع کی، بھارت جبر، استبداد اور استحصال کی وہ مثالیں کشمیر میں روزانہ قائم کرتا ہے جن کی دنیا ہمیشہ سے مذمت کرتی رہی ہے، چوہدری فواد حسین

125

اسلام آباد 27 اکتوبر ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر اس جدوجہد کا نکتہ آغاز ہے جو کشمیر کے عوام نے آج سے کئی عشرے قبل ہندوستان کے ناجائز تسلط کے خلاف شروع کی، اس جدوجہد میں ماﺅں نے اپنے لعل، بہنوں نے اپنے بھائی، سوہاگنوں نے اپنے سوہاگ اور بچوں نے اپنے باپ کھوئے ہیں، ہزاروں مسنگ پرسنز بھارتی جیلوں میں دم توڑ گئے۔ 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جبر، استبداد اور استحصال کی وہ مثالیں بھارت کشمیر میں روزانہ قائم کرتا ہے جن کی دنیا ہمیشہ سے مذمت کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بھارت میں نریندر مودی کی حکومت اقتدار میں آئی، جبر، استبداد اور استحصال کا یہ سلسلہ ایک نئے بام عروج کو پہنچا ہے، 27 اکتوبر کے دن پاکستان کی قوم اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے کشمیر کے لئے تین جنگیں لڑی ہیں، ہمارے قبرستان ان شہیدوں کے خون سے مہک رہے ہیں جنہوں نے کشمیر کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی معیشت، اپنی سیاست اور اپنی خارجہ پالیسی کشمیری عوام کی امنگوں کی نظر کی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس طرح ہم پچھلی سات دہائیوں سے کشمیری عوام کے پیچھے کھڑے ہیں، اسی جذبے سے عمران خان کی حکومت کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر ہیں اور پوری دنیا میں کشمیر کے مسئلہ پر سب سے مضبوط آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ انشاءاللہ جبر کا یہ دور ختم ہوگا، آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیر کے لوگ وہ دن بھی دیکھیں گے جب ان کی اپنی حکومت ہوگی۔