ستائیس مارچ کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوگا ،اسلام آباد میں 10 لاکھ سے زائد افراد کا اجتماع ہوگا ،معاون خصوصی علی نواز اعوان کا پریس کانفرنس سے خطاب

125

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائےسی ڈی اے امور اور ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ 27 مارچ کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوگا جس دن وزیر اعظم عمران خان ایک بال سے تین وکٹیں گرائیں گے، اسلام آباد نے 27 مارچ کے جلسے کے لیے بھرپور تیاری شروع کردی ہے اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے سلوگن کے تحت اس تاریخی دن 10 لاکھ سے زائد لوگوں کے ساتھ نئی تاریخ رقم ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آبپارہ مارکیٹ جی سکس میں 27 مارچ کے جلسے کے حوالے سے کیمپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کی گھٹیا سیاست نے پاکستان تحریک انصاف کے سوئے ہوئے ورکرز کو جگا دیا ہے اور آج ملک کے کونے کونے میں عمران خان کے ورکرز اپنے لیڈر کی محبت میں اسلام آباد آنے کی تیاری کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کا جلسہ پاکستان کی تاریخ میں فیصلہ کن موڑ ثابت ہوگا اور عمران خان ایک بال سے تین وکٹیں گرائیں گے، دس لاکھ کارکن اسلام آباد میں جمع ہو کر اپنے لیڈر سے محبت کا اظہار کریں گے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل تک جو ایک دوسرے کو گالیاں دیتے تھے سڑکوں پر گھسیٹتے تھے آج بغض عمران میں اکٹھے ہو چکے ہیں کیونکہ عمران خان نے پاکستان کو آزاد خارجہ پالیسی دی ہے اسلام کا پرچم پوری دنیا میں سر بلند کیا ہے قوم کو غلامی کی بجائے آزادی کا درس دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جرم یہ ہے کہ اس نے کورونا وائرس کے دوران اپنی قوم کو بھوک سے بچایا علی نواز اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن جو کہتا تھا عورت کی حکمرانی حرام ہے وہ اب ہاتھ باندھ کر ایک عورت کے پیچھے کھڑا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ بے بی بھٹو زرداری گھبرانا نہیں ہے ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے

ایک سوال کے جواب میں علی نواز اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے اراکین کے پاس 7 دن ہیں وہ فیصلہ کر لیں کہ انہوں نے پاکستان کا ساتھ دینا ہے یا زندگی بھر کی رسوائی کو اپنا مقدر بنانا ہے ، بعد ازاں علی نواز اعوان نے سیکٹر جی نائن، جی ٹین اور جی الیون میں بھی جلسہ کیمپس کا افتتاح کیا۔