فیصل آباد ۔ 05 ستمبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے موسم خزاں کی آمد کے باعث ستمبر و اکتوبر میں جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے اور لائیو سٹاک فارمرز سمیت بھینس، گائے، بکریاں اوردیگر جانور و مویشی پالنے والے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں سے کہا ہے کہ چونکہ موسم خزاں میں جانوروں میں منہ کھر کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتاہے لہٰذا وہ فوری طور پر اپنے مویشیوں اور جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے حفاظتی و تدارکی اقدامات کے تحت ٹیکے لگوائیں تاکہ انہیں بعدازاں کسی پریشانی یا مالی نقصان کا سامنانہ کرنا پڑے۔
ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹرحیدر علی خان نے کہا کہ منہ کھر کا وائرس جانوروں کے منہ اور کھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتاہے جس سے بھینسوں و گائیوں کی زبان، تالو، مسوڑھوں، ہوانہ اور کھروں کے درمیان چھالے پڑ جاتے ہیں جس سے ان کو تیز بخار ہو جاتا ہے اور وہ خوراک کھانا بندکرنے سمیت دودھ کی پیداوار بھی کم کردیتے ہیں۔
اسی طرح بھیڑوں و بکریوں کے منہ میں سرخ دھبے نظر آتے ہیں اور رال ٹپکنا شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تمام ویٹرنری ہسپتالوں، ڈسپنسریوں میں متعلقہ ٹیکے وافر مقدار میں موجودہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن مزید معلومات یا رہنمائی کیلئے محکمہ کی ہیلپ لائن پر بھی مفت رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386835