ستھراپنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے کاموں اور تجاوزات کے خاتمہ کی مہم کا جائزہ لیا

86

بھاولپور۔ 25 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے بہاول پور کے نواحی علاقہ یونین کونسل نمبر4 اور ڈیرہ بکھا کا اچانک دورہ کیااور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر، چیف آفیسر ضلع کونسل اورمحکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے کاموں اور تجاوزات کے خاتمہ کی مہم میں مزید بہتری لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں باقاعدگی سے جاکر ان امور کی مانیٹرنگ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ بکھا سڑک کی گرین بیلٹس میں گھاس اور مزید سدا بہار پودے لگائے جائیں اور پہلے سے موجود پودوں کی آبیاری اور دیکھ بھال پربھی خصوصی توجہ دی جائے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے یونین کونسل نمبر 4میں جاری سولنگ کے تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ میعاد میں مکمل کرائے جائیں تاکہ لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔