اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کے وژن کے مطابق اب ستھرا پنجاب مہم میں ریلوے سٹیشنز کو بھی شامل کر لیا گیا ہے ، اس حوالے سے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ریلوے ملتان ڈویژن حکام کے درمیان ایم او یو سائن کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر کا کہنا تھا کہ ملتان ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ اب 24 گھنٹے پلیٹ فارم واش روم اور ریلوے سٹیشنز کو مکمل صاف ستھرا رکھے گا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے جنیٹوریل اور ہائوس کیپنگ سمیت ان ڈور سروسز فراہم کرنے کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن ذوالفقار علی شیخ نے کہا کہ ملتان اور خانیوال ریلوے سٹیشن کی صفائی کا ذمہ ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو سونپ دیا ہے ۔ ریلویز کی واشنگ لائن بھی صاف کی جائیں گی۔ ادھر ترجمان ریلوے ملتان ڈویژن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کے وژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملتان ریلوے سٹیشن ،ملتان واشنگ لائن اور خانیوال ریلوے سٹیشن پر صفائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے اب ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ ایک ایم او یو سائن کیا جا چکا ہے ۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے ملتان ذوالفقار علی شیخ اور سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا۔ اس موقع پر میاں راشد اقبال چیئر مین ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، انوار الحق ڈویژنل آپریشنل مینجر ، آصف شبیر ہیڈ آف پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹس ، ایم ایس ریلوے ہسپتال ڈاکٹر ماہ منیر اعوان، ڈی ایم او ڈاکٹر سید عبد السمیع اور ڈی ٹی او رضوان خالد موجود تھے۔