اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے منگل کو نیشنل پریس کلب میں منعقدہ صحافی سجاد اظہر کی کتاب ‘راول راج’ کی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سابق وفاقی وزیر پرویز رشید، اردو کے ممتاز شاعر افتخار عارف اور سینئر صحافی حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سجاد اظہر کو خطہ پوٹھوہار کی جامع تاریخی پہلوؤں پر کتاب لکھنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سجاد اظہر نے خطہ پوٹھوہار کا حق ادا کر دیا ہے،پوٹھوہار ایک تاریخی خطہ ہے اور اس خطہ پوٹھوار کی خاص بات یہ ہے کہ اسے دنیا بھر میں تاریخی اہمیت حاصل ہے۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ علاقائی رشتوں کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ مٹی کے رشتوں میں جو محبت ہوتی ہے اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سجاد اظہر کی کتاب ‘راول راج’ میں پوٹھوہار کی تاریخ کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راول راج خطہ پوٹھوہار کی حقیقی معنوں میں نمائندگی کرتی ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ پوٹھوہار کے کلچر نے مذہب سے بالاتر ہو کر سب کو اپنے اندر سمویا ہے۔ دوسروں کے مذاہب کا احترام ہمارے مذہب اور روایات کا حصہ ہے۔سپیکر نے مزید کہا کہ خطہ پوٹھوہار میں روایتی لوگ بستے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سجاد اظہر نے اپنی کتاب کے ذریعے تاریخ سے روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کتاب لکھنا بہت مشکل کام ہے ایک کتاب لکھنے کیلیے سینکڑوں کتابیں پڑھنا پڑتی ہیں۔
سجاد اظہر نے بڑی عرق ریزی سے کتاب لکھی ہے۔سپیکر نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کو پورے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سجاد اظہر نے اپنی کتاب میں راولپنڈی کی صدیوں پرانی تہذیب کو اُجاگر کیا ہے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی اور انتخابات کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آرہے ہیں یہ اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست اسی کا نام ہے کہ الیکشنز ہوں اور جو جیتے وہی حکومت کرے۔ایک اور سوال کے جواب میں سپیکر نے کہا کہ آئین میں نوے روز میں ہی انتخابات کرانا لازم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے سو یا ایک سوبیس روز کی بات کی ہو۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر اسپیکر کا کہنا تھا کہ آئین و قانون اور عدالتی معاملات کو دیکھ کر سب کو برابر موقع ملنا چاہئے۔