راولپنڈی۔12فروری (اے پی پی):سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےروانڈا ایئر فورس کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل جین جیکس مپنزی کی قیادت میں جمہوریہ روانڈا کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل نے وفد کوپاک فضائیہ کے جاری جدیدیت کے منصوبوں، آپریشنل حکمتِ عملی، مستقبل کے اہداف اور فورس اسٹرکچر سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے روانڈا ایئر فورس کی استعداد کار میں اضافے، افرادی قوت کی تربیت، دیکھ بھال کے معیارات اور آپریشنل ٹریننگ میں معاونت کے لیے ہر ممکن تعاون کا اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ جنرل جین جیکس مپنزی نے پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ تربیتی معیار، جدید انفراسٹرکچر اور ملٹی ڈومین صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی اعلیٰ کارکردگی اور جدید عسکری ہوا بازی میں مہارت کو دیگر فضائی افواج کے لیے ایک مثال قرار دیا۔ روانڈا ایئر چیف نے اپنے ملک کی فضائیہ کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے ساتھ تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے بالخصوص پائلٹس کی بنیادی تربیت اور زمینی عملے کی تکنیکی مہارت میں اضافے کے لیے جامع تربیتی پروگرامز کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔روانڈا کے وفد نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ کے سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔لیفٹیننٹ جنرل جین جیکس مپنزی کا ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا یہ دورہ روانڈا ایئر فورس کی تنظیم نو کے لیے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559927