سربراہ پاک فضائیہ سے سربراہ قطر امیری نیول فورسز کی ملاقات

59

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےسربراہ قطر امیری نیول فورسز میجر جنرل عبداللہ بن حسن السولیطی نے انکے دفتر میں ملاقات کی- ملاقات کے دوران دونوں معززین نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق میجر جنرل عبداللہ بن حسن السولیطی نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔

ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔