اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےخیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی تعریف کی۔ ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرِ ستان میں مختلف آپریشنز میں 15 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پرسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف، نائب صوبیدار محمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نےشہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیااور کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،قوم کے بہادر سپوتوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی،دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک انکے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں قوم پر قرض ہیں،مسلح افواج کے افسران اور جوان اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر وطن کی حفاظت کیلئے سینہ سپر ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہادر سیکیورٹی کو پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت حاصل ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےشہداء کے درجات کی بلندی اور انکے اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=561183