اسلام آباد/مکہ۔27اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مکہ مکرمہ میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی سے ملاقات کی۔مکہ مکرمہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلم امہ کے اتحاد کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے مسلم ممالک کے مابین اتحاد کو فروغ دینے، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے، مسلم معاشروں میں بچیوں کی تعلیم کو عام کرنے اور عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں مسلم ورلڈ لیگ کے کردار کو سراہا۔سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے اور اس نے ہمیشہ امہ کے اتحاد کے لیے قابلِ قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588601