ایبٹ آباد۔ 15 اپریل (اے پی پی):سردار سہیل پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ضلع ایبٹ آباد کے کوآرڈینیٹر مقرر ہو گئے۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا بھر کے تمام ڈویژنز اور اضلاع میں یوتھ کوآرڈینیٹرز کا باضابطہ تقرر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالہ سے نوٹیفکیشن چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے کوآرڈینیٹر برائے خیبر پختونخوا بابر سلیم خان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ یہ تمام تقرریاں مکمل شفافیت اور خالص میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہیں تاکہ نوجوانوں کی نمائندگی حقیقی اور موثر انداز میں ممکن بنائی جا سکے۔
ڈویژنل و ضلعی کوآرڈینیٹرز کے بعد اب اگلے مرحلہ میں تحصیل اور یونیورسٹی سطح پر یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرتے ہوئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کو گراس روٹ لیول تک موثر بنانا ہے۔ اس اہم پیش رفت کے تناظر میں ایک عظیم الشان پرائم منسٹر یوتھ کنونشن خیبر پختونخوا کا انعقاد 21 اپریل کو سہ پہر دو بجے پشاور میں کیا جا رہا ہے۔
پرائم منسٹر یوتھ کنونشن خیبر پختونخوا سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تمام نومنتخب نمائندوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ 21 اپریل کو منعقدہ کنونشن میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں تاکہ نوجوانوں کو درپیش مسائل، حکومتی اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582075