لاہور۔11فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران کی زیر صدارت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب، چیف ڈرگ کنٹرولر ڈپٹی سیکریٹریز اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
انسداد پولیو مہم، مریم نواز ہیلتھ کلینکس، سکول ہیلتھ اینڈنیوٹریشن پروگرام اور دیگر منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیااور سرکاری ادویات کی چوری کے سدباب کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری ادویات غریب عوام کا حق ہے، اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم کو مضبوط اور فول پروف بنایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی بھی غریب عوام کے استحصال کی جرات نہ کرسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر آئندہ ایسے واقعات کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پراجیکٹ ادویات کی دہلیز تک فراہمی سے سرکاری ادویات کی چوری روکنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس پر سروس ڈلیوری کو بہتر کیا جائیگا تا کہ عوام اپنی دہلیز پر صحت کی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی ترسیل کے عمل کو مذید شفاف بنانے کیلئے ڈیٹا ڈیجیٹلائز کرنے کی ضرورت ہے تا کہ عوام کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ چوری شدہ ادویات کی فروخت میں ملوث میڈیکل اسٹور کے لائسنس کو فوری کینسل اور سٹور کو سیل کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559328