سرکاری اراضیوں کی فروخت کیلئے نجکاری کمیشن اورمالیاتی مشاورتی کنسورشیئم کے درمیان معاہدہ

91

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):سرکاری اراضیوں کی فروخت کیلئے نجکاری کمیشن اورمالیاتی مشاورتی کنسورشیئم کے درمیان معاہدہ طے پا گیاہے۔ معاہدے پر دستخط وفاقی وزیر نجکاری کی منظوری کے بعد کئے گئے۔ دستخط کی تقریب وزارت نجکاری میں منگل کو ہوئی۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری حسن ناصر جامی سمیت اعلی افسران شریک ہوئے۔ ترجمان وزارت نجکاری کے مطابق معاہدہ نجکاری کمیشن اور میسرز ایچ ایل بی اعجاز اینڈ کمپنی کے درمیان طے پایا۔سرکاری اراضیوں کی نیلامی وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق ہوگی۔

کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے 18مارچ 2021 کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی حکومت کی جائیدادوں کی نیلامی کا فیصلہ کیاتھا جس کی توثیق وفاقی کابینہ نے یکم اپریل 2021 کو کی تھی۔اس فیصلے مطابق 17 دستیاب وفاقی حکومت کی جائیدادوں کی نیلامی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے وفاقی حکومت کی 17 جائیدادوں کی فروخت کے لیے پرائیویٹائزیشن کمیشن آرڈیننس 2000 کے تحت فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے کے لئے اظہارِ دلچسپی کا اشتہار قومی پرنٹ میڈیا میں شائع کیا گیا تھا اور تجزیاتی کمیٹی کی طرف سے داخل کردہ اظہاردلچسپی کی جانچ پڑتال کے بعد، تکنیکی اور مالیاتی تجاویز جمع کرانے کے لئے شارٹ لسٹ شدہ پارٹیزکو ریکوئسٹ فار پروپوزل پیکجز جاری کئے گئے ۔

تکنیکی اور مالیاتی تجاویز کے نتائج پر نجکاری کمیشن بورڈ نے 25 نومبر 2021 کو غور کیا اور اس کی منظوری دی اور ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے مذاکرات کئے۔مذاکراتی کمیٹی نے 14 دسمبر 2021 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں ایچ ایل بی اعجاز اینڈ کمپنی کے کنسورشیئم کے ساتھ تکنیکی اور مالیاتی تجاویز شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دی۔