سرگودھا۔ 23 فروری (اے پی پی):سرگودھا شہر کے مصروف ترین علاقے 47 پل فلائی اوور پر کام اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سپریٹنڈنگ انجینئر ہائی ویز سرگودھا ڈویژن رانا عابد علی نے گزشتہ روز فلائی اوور پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کی روڈ کو کارپٹ کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ آئندہ تین روز میں الیکٹرک پولز کی تنصیب بھی مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیسپاک نے قینچی موڑ سے 47 پل تک سیور لائن ڈالنے کا ڈیزائن فائنل کر دیا ہے جس کا کام جلد شروع کیا جارہا ہے ۔
اگلے مرحلے میں دونوں اطراف کی سروس روڈز کو مکمل کیا جائے گا۔ ایس ای ہائی ویز نے بتایا کہ قینچی موڑ سائٹ پر فلائی اوور کی واٹر بونڈنگ دن رات کی شفٹ میں جاری ہے۔ فلائی اوور کا تمام کام مارچ کے دوسرے ہفتہ تک مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فلائی اوور کی بیوٹیفکیشن بھی جلد شروع کر دے گی۔اجلاس میں ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید صولت رضا ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد ارشد سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564959