سرگودہا۔10اگست (اے پی پی):سرگودھا یونیورسٹی نے کوٹ مومن اور جھاوریاں کے طلبہ کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے دو نئی بسیں خرید لیں، یہ بسیں شعبہ ٹرانسپورٹ کے حوالے کر دی گئی ہیں اور دونوں بسیں 2ستمبر سے طلبہ کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنا شروع کر دیں گی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات پر کوٹ مومن اور جھاوریاں کے طلبہ کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے یہ بسیں خریدی گئی ہیں۔
ٹرانسپورٹ آفیسر سید تنویر حسین نے بتایا کہ دو نئی بسوں کی شمولیت کے بعد طلبہ کی سفری سہولت کیلئے بسوں کی مجموعی تعداد 21ہو گئی ہے جو سرگودھا کی سات تحصیلوں میں طلبہ کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی ہدایات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پرانی بسوں کی اپ گریڈیشن کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ طلبہ کا سفر محفوظ بنایا جا سکے۔
طلبہ نے جھاوریاں اور کوٹ مومن کے طلبہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر ہمارے لیے خوش آئند ہے اور سفری سہولت کی دستیابی سے ہماری تعلیمی سرگرمیاں تعطل کا شکار نہیں ہوں گی۔