کولمبو ۔ 14اگست (اے پی پی) سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور پاکستانی برداری نے یوم آزادی پُروقار اور قومی جوش و جذبہ سے منایا ۔سری لنکا میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر ڈاکٹر سرفرازاحمدخان سپرا نے ایک رنگا رنگ تقریب میں قومی پرچم لہرایا ۔پیر کو پاکستانی ہائی کمشن کی عمارت میں منعقدہ تقریب میں صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے ۔قائم مقام ہائی کمشنر ڈاکٹر سرفراز سپرا نے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت ہے جو عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کی شمع کو روشن کرنے کیلئے لاتعداد قرنیاں دی گئیں اور اس مقصد کیلئے لاکھوں افراد نے ہجرت بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن خوشی اور مسرت کا حامل ہے جبکہ آزادی کے مبارک دن کے موقع پر ہمیں قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ اور وسعت کیلئے ملکر اپنا تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں دونوں ممالک کے رہنما اور عوام بھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66235