کراچی۔1جون (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دے دیا۔پاکستان اور سری لنکا ویمنز ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکن خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ میں قومی ویمنز ٹیم کی شاندار بائولنگ کی بدولت سری لنکا کی ٹیم 47.5 اوورز میں 169 رنز بنا کر آؤ ٹ ہوگئی۔سری لنکا ویمنز ٹیم کی ٹاپ سکورر کویشا دلہاری رہیں، انہوں نے نا قابل شکست 49 رنز سکور کیے جبکہ پراسادانی ویرا کوڈی نے 30 اور کپتان چماری اتاپتو 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔پاکستان کی جانب سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے غلام فاطمہ نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،
انہوں نے 10 اوورز میں4 وکٹ حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثناء نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔اس سے قبل پاکستان نے ٹی۔20سیریز 0-3 سے جیتی تھی۔یہ پہلا موقع ہے کہ جب پاکستان میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچ کھیلے جارہے ہیں۔ ون ڈے فارمیٹ میں سری لنکا ویمنز کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کھیلے گئے 30 میں سے 21 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے