گال ۔16جولائی (اے پی پی):سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، دنیش چندیمل نے نصف سنچری بنائی ، شاہین شاہ آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لئے، اظہر علی 3 اور کپتان بابر اعظم ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔
ہفتہ کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہونے والے میچ میں سری لنکا کے کپتان دیمتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان کی طرف سے آل راؤنڈر آغا سلمان نے ڈیبیو کیا ، سری لنکا کو پہلا نقصان 11 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب دیمتھ کرونا رتنے ایک رن بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی تیز رفتار گیند کھیلنے میں ناکام رہے اور کلین بولڈ ہو گئے ، دوسری وکٹ میں اوشاڈا فرنینڈو اور کوشال مینڈس نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 60 رنز تک پہنچا دیا ،
اس موقع پر لیگ سپنر یاسر شاہ نے کوشال مینڈس کو آؤٹ کر کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلا دی ، اگلے ہی اوور میں حسن علی نے اوپنر اوشاڈا فرنینڈو کو 35 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کرکے سری لنکا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ، سینئر بیٹر اینجلو میتھیوز کھاتہ کھولے بغیر یاسر شاہ کی گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، 99 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی پانچویں وکٹ گر گئی جب دہننجایا ڈی سلوا 14 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، شاہین آفریدی نے اپنے اگلے ہی اوور میں نیروشن ڈکویلا کو بھی 4 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا ، رمیش مینڈس 11 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے جبکہ پرابتھ جے سوریا کو 3 رنز پر محمد نواز نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا ،
دنیش چندیمل نے 76 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، انہیں حسن علی نے آؤٹ کیا ، ماہیش تھیکشنا آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 38 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا نشانہ بنے ، کاسن رجیتھا 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 222 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، شاہین آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے ، انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، حسن علی اور یاسر شاہ نے دو،
دو جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ، پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لئے ، پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، امام الحق 2 اور عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اظہر علی 3 اور بابر اعظم ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، کاسن رجیتھا اور پرابتھ جے سوریا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔