سری لنکا کے رواں سال دورہ پاکستان کیلئے پر امید ہیں، بھارت کے ساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت مقدم رکھیں گے، ایم ڈی پی سی بی

70
نوجوان خواتین کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا اعلان

راولپنڈی ۔ 21 مارچ (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کے رواں سال دورہ پاکستان کیلئے پر امید ہیں، بھارت کے ساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت ہر صورت مقدم رکھیں گے، کھیل کو سیاست سے دور رکھنا چاہئے، پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے انعقاد کیلئے راولپنڈی سمیت دیگر سینٹرز کا جائزہ لے رہے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کامیابی سے مکمل ہوئی اور سیکیورٹی انتظامات کو پوری دنیا نے سراہا ہے، پاکستان کھیلوں کےلئے محفوط ملک ہے اور آئندہ پی ایس ایل مکمل طور پر پاکستان میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہماری اولین ترجیح ہے، رواں سال سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد کیلئے پر امید ہیں۔ ایم ڈی پی سی بی نے واضح کیا کہ بھارت کھیلوں کو سیاست سے دور رکھے، پی ایس ایل کو بلیک آﺅٹ کرنا بھارت کا منفی اقدام ہے، ہم بھارت کے ساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت ہر صورت مقدم رکھیں گے اور آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کے خلاف سخت مقابلوں کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کو پروفیشنل انداز سے چلانا چاہتے ہیں، کرکٹ میں بہتری کیلئے سخت فیصلے لینے سے اجتناب نہیں کرینگے تاہم جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں لیا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے وسیم خان نے کہا کہ پورا انفراسٹکچر تبدیل کرینگے، فرسٹ کلاس کرکٹ میں پچز اور کوچنگ کوالٹی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ویمن ٹیم ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلئے مقامی کوچ کا تقرر کریں گے۔