سعودی عرب،جمعے کی اذان سے 40 منٹ قبل مساجد کھولنے کا فیصلہ

110
Saudi Arabia

مکہ مکرمہ۔ 12جون (اے پی پی) سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور جدہ کے علاوہ ملک کے تمام علاقوں میں جمعے کی نماز کے لیے مساجد اذان سے 40 منٹ قبل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ العریبیہ نیوز کے مطابق وزارت برائے اسلامی امور نے ملک بھر میں اپنی تمام شاخوں کو تحریری طور پر اطلاع دی ہے کہ وہ جامع مساجد اذان جمعہ سے 40 منٹ قبل کھولنے کا اہتمام کریں تاکہ تمام نمازیوں کے ایک ساتھ مسجد پہنچنے پر بھیڑ نہ ہو۔ یاد رہے گزشتہ جمعے کو مکہ مکرمہ اور جدہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر نماز باجماعت پر 15 دن کے لیے دوبارہ پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ وزارت نے مملکت بھر میں جامع مساجد کے علاوہ 3867 عام مساجد میں بھی عارضی طور پر جمعے کی نماز ادا کرنے کی منظوری دی ہے، یہ فیصلہ بھیڑ کم کرنے اور مساجد میں نمازیوں کے درمیان ضروری فاصلہ برقرار رکھنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ مساجد کے آئمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جمعے کے خطبات کی تیاری میں ان خطبات کے مضامین سے استفادہ کریں جنہیں ماہر علماءاور سکالرز کی مدد سے تیار کرکے وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا ہے، یہ خطبات کورونا کی وباءکے موضوع پر ہیں جن میں اس امر کی تاکید کی گئی ہے کہ ہر فرد اور ہر گروپ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کرے۔