سعودی عرب،ریاض فیسٹیول میں کیمسٹری کے معروف مسلمان سائنسدان جابر بن حیان کو خراج عقیدت

187

ریاض۔15ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ریاض فیسٹیول میں کیمسٹری کے معروف مسلمان سائنسدان جابر بن حیان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ واس کے مطابق ریاض کے کنگ سلمان سائنس اوئسس میں 2024 سٹیم فیسٹیول میں معروف سائنسدان کی زندگی اور ان کی تخلیقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔‘فن کیمسٹری’ کے زیرعنوان 30 ستمبر تک جاری رہنے والی اس تقریب میں طلباء کے لیے تعلیمی، معلوماتی اور تفریحی تجربات پیش کئے گئے۔

شرکا نے کہا کہ جابر بن حیان کی تخلیقات میں کشید کے عمل نے اسلامی دنیا اور مغرب دونوں میں کیمسٹری کو بہت عروج تک پہنچایا ہے۔721 میں پیدا ہونے والے جابر بن حیان نے بنیادی کیمیائی مرکبات دریافت کیے جو آج بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔مسلمان سائنسدان کے علم کو وسیع پیمانے پر پھیلانے کے لیے ان کے تجربات کا لاطینی زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا ہے۔جابر بن حیان کی قابل ذکر دریافت میں ہائیڈروکلورک ایسڈ، سلفیورک ایسڈ، گولڈ واٹراور سلور نائٹریٹ شامل ہیں۔انہوں نے سٹیل کی پیداوار، واٹر پروفنگ اور مصنوعی موتی بنانے جیسے عملی استعمال پر بھی تحقیقی کی ہے۔

عرب دنیا میں قرون وسطیٰ کے ماہر عمرانیات ، فلسفی اور مورخ ابن خلدون نے ان کی تعریف ’کیمسٹری مصنفین کے امام‘ کے طور پر کی ہے اور کیمسٹری کو بعض اوقات ’جابر کی سائنس‘ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کا مقصد سعودی عرب کے سائنسی ورثے میں وسعت کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا ہے۔