اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):پاکستان علما ء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دوست ممالک نے پاکستان کو کبھی مایوس نہیں کیا، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، چین اور قطر کا پاکستان سے مالی تعاون معاشی بحران سے نکلنے میں مددگار ہو رہا ہے، امداد کی بجائے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ دینی ہو گی ، عالم عرب عالم اسلام سے آنے والے سرمایہ کاروں کو سہولت اور اعتماد دینے سے 20 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن ہو سکتی ہے ، قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ ہے ، پاکستان کے ساتھ سیکورٹی کا معاہدہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔
یہاں موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق یہ بات حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قطر میں عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان تعلقات دو قوموں اور دو ملکوں کے تعلقات ہیں، پاکستان میں داخلی تبدیلی اور حالات سے تعلقات پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ قطر سے میں پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے بہت سارے مواقع پیدا ہوں گے ۔ قطر میں پہلے بھی پاکستانی ایک بڑی تعداد میں روزگار کیلئے موجود ہیں، اس دورے کے بعد اس میں ان شاء اللہ اضافہ ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے میثاق پاکستان کی ضرورت ہے ، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ملک اور قوم کا سوچنا چاہیے ، آئندہ انتخابات کب ہونے ہیں یہ طاقت کی بنیاد پر نہیں مذاکرات کی بنیاد پر طے ہو سکتا ہے ۔
آج پاکستان میں سیلاب کی جو کیفیت ہے وہ پوری قوم کیلئے ایک امتحان ہے ، ہماری تجویز تو یہ ہے کہ ایک ماہ کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں سیاست ترک کر یں اور سیلاب زدگان کی امداد کیلئے نکلیں۔