سعودی عرب نے ایرانی حجاج کی واپسی کا عمل مکمل کر لیا

51

ریاض۔3جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے شمالی سرحد پر واقع نئی عرعر سرحدی گزرگاہ سے تمام ایرانی حجاج کی واپسی عمل مکمل کر لیا۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ اقدام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے دی گئی خصوصی ہدایات پر کیا گیا۔اس کا مقصد ایرانی حجاج کو سہولیات فراہم کرنا اور ان کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن انتظام کرنا تھا، خصوصاً ان حالات میں جب ایران کو حالیہ عرصے میں اسرائیلی عسکری جارحیت کے تناظر میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

ایرانی حجاج کی وطن واپسی کے عمل میں متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون شامل رہا۔ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ایرانی حجاج کی واپسی کے منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مکمل نگرانی کی۔ اس منصوبے کے تحت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے حجاج کو بذریعہ ٹرانسپورٹ عرعر ایئرپورٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے وہ زمینی راستے سے ایران روانہ ہوئے۔ اس مقصد کے لیے وزارت حج و عمرہ نے ایک خصوصی آپریشن روم قائم کیا جو ایرانی حجاج کی دیکھ بھال، سہولیات کی فراہمی اور ان کی ضروریات کی ہمہ وقت نگرانی کے لیے کام کرتا رہا۔

دوسری جانب سعودی کابینہ نے بھی متعلقہ اداروں کی ان کاوشوں کو سراہا جو ایرانی حجاج کی خدمت اور ان کی واپسی کے لیے کی گئیں۔ کابینہ نے سینکڑوں فضائی و زمینی سفری سہولیات فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے اس امر کو واضح کیا کہ حجاج کی خدمت اور ان کی سلامتی سعودی قیادت کی اولین ترجیح ہے۔