اسلام آباد/ کراچی۔29نومبر (اے پی پی):سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے پاکستان کے ساتھ غیر ملکی کرنسی کے ذخائر اور پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے 4.2 ارب ڈالر مالیت کے دو مختلف معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔
سعودی ڈویلپمنٹ فنڈسے جاری بیان کے مطابق سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد بن عقیل الخطیب کی جانب سے فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سلطان بن عبد الرحمن المرشد نے پیر کو پاکستان کے ساتھ 4.2 بلین ڈالر کے دو اقتصادی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔
ان معاہدوں کا مقصد پاکستان میں معاشی نمو میں مدد کرنا ہے، پہلے معاہدے کے تحت سٹیٹ بینک آف پاکستان میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر میں اضافہ میں مدد کے لیے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ شامل ہے تاکہ کورونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔
اس معاہدے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر اور سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او نے کراچی میں قونصل جنرل بندر بن فہد الدایل کی موجودگی میں دستخط کئے۔ دوسرے معاہدے کے تحت سعودی عرب 1.2 ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات پاکستان کو فراہم کرے گا، اس معاہدے پر پاکستان کے وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے اسلام آباد میں وزارت تجارت کے ہیڈ کوارٹر میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او اور پاکستان میں خادم حرمین شریفین کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی موجودگی میں دستخط کیے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او سلطان بن عبد الرحمن المرشد نے کہا کہ دو معاہدوں پر پاکستانی وزارت تجارت اور سٹیٹ بینک کے ساتھ دستخط کئے ہیں۔ ان معاہدوں کا مقصد پاکستان کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بہتر بنانا اور پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی ترقی حاصل کرنے اور کورونا وباء سے پیدا ہونے والی مشکلات میں سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں معاہدے اس امداد کی ایک کڑی ہے جو سعودی حکومت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے پاکستان کو فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی طرف سے فراہم کردہ امداد پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے خادم حرمین شریفین، ولی عہد، سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ امداد پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی اور پاکستانی کرنسی کو درپیش دبائو کو کم کرے گی، اس کے علاوہ برآمدات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے ہر مشکل گھڑی میں خلوص کے ساتھ تعاون کرنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یہ تعاون بھی سعودی عرب کی جانب سے ایسے وقت فراہم کیا جا رہا ہے جب پاکستان کو اقتصادی بحران کا سامنا ہے۔