سعودی پراجیکٹ کے تحت یمن میں ایک ہفتے کے دوران 1493 بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دی گئیں

39
Saudi project
Saudi project

صنعا۔2جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کے پراجیکٹ مسام نے ایک ہفتے میں یمن کے مختلف علاقوں سے ایک ہزار 493 بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز ڈیوائسز کو ناکارہ بنایا۔ اردو نیوز کے مطابق مسام کے مینجنگ ڈائریکٹر اسامہ القصیبی نے بتایا ہے کہ جن علاقوں میں بارودی سرنگیں ناکارہ بنائی گئی ہیں ان میں مارب، عدن، جوف، شبوہ، تغز، الحدیدہ، لحج، صنعا، البیضا، الضالع اور صعدہ شامل ہیں اور ناکارہ بنائے گئی ڈیوائسز میں ایک ہزار 448 پھٹنے سے رہ جانے والا آرڈیننس، 27 ٹینک شکن، 14 اینٹی پرنسل بارودی سرنگیں اور چار فوری طور پر بنا کر استعمال کی جانے والی دھماکہ خیز ڈیوائسز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ 2018 میں شروع کیا گیا تھا جس کی مدد سے اب تک 5 لاکھ 27 ہزار 36 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگیں عام لوگوں، خاص طور پر بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کے لئے سنگین خطرہ بن رہی تھیں۔ اس پراجیکٹ کے تحت باردوی سرنگیں ناکارہ بنانے والے مقامی انجینئرز کی تربیت کی جاتی ہے اور انھیں جدید سازوسامان فراہم کیا جاتا ہے اور جو یمنی شہری دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے زخمی ہو جاتے ہیں، یہ پراجیکٹ انھیں مدد بھی فراہم کرتا ہے۔

پراجیکٹ کے تحت مختلف ٹیموں کو دیہات، سڑکوں اور سکولوں سے بارودی سرنگوں یا دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کا کام سونپا جاتا ہے تاکہ عام لوگ محفوظ رہتے ہوئے نقل و حرکت کر سکیں اور انسانی بنیادوں کے تحت دی جانے والی امداد عام لوگوں تک پہنچ سکے۔