ریاض۔27اگست (اے پی پی):سعودی کابینہ نے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت سے نمٹنے کےلیے جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقف کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق کابینہ کا اجلاسشاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدرت منعقدہوا۔اجلاس میں بین الاقوامی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے تشدد کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری مداخلت پر زوردیاگیا ۔
کابینہ کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مصری صدر عبد الفتاح السیسی سے ملاقات اور روسی صدر ولادیمیر پیوتن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں سعودی عرب اور مصر کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے شاہ سلمان کو مصری صدر السیسی کے تحریری مکتوب پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔کابینہ نے زور دیا کہ کسی احتساب کے بغیر اسرائیلی خلاف ورزیاں بین الاقوامی نظام اور بین الاقوامی قانون کو سبوتاژ، سلامتی و امن کےلیے خطرہ ہیں، اس کے ساتھ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تنازعات اور بدامنی کے پھیلاو کا باعث ہیں۔
اجلاس نے شام کی سرزمین پر اسرائیل کی دراندازی، اندرونی معاملات میں مداخلت سمیت مسلسل خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی۔سکیورٹی، استحکام اور شہری امن کے قیام کے لیے شامی حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
سوڈان کی صورتحال کے حوالے سے فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ مئی 2023 میں دستخط کیے جانے والے جدہ اعلامیے کے نکات پر عملدرآمد کریں۔کابینہ کے ارکان نے رواں سال عمرہ زائرین کی تعداد کے اعداد وشمار کا جائزہ لیا، زائرین کے پرتپاک خیرمقدم اور ان کی آمد سے بحفاظت واپسی تک آرام و سکون اور خدمات کی فراہمی کا عزم ظاہر کیا۔