سلام فیملی تکافل لمیٹڈ نے پہلے ڈیجیٹل اسلامک لائف انشورنس آ پریٹر کا لائسنس حاصل کرلیا

261
سلام فیملی تکافل لمیٹڈ نے پہلے ڈیجیٹل اسلامک لائف انشورنس آ پریٹر کا لائسنس حاصل کرلیا

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):سلام فیملی تکافل لمیٹڈ نے پہلے ڈیجیٹل اسلامک لائف انشورنس آ پریٹر کا لائسنس حاصل کرلیا۔ سلام تکافل لمیٹڈ نے جدید حل پیش کرنے اور غیر معمولی اقدامات کے حوالے سے اپنی ساکھ کو برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مانی جانے والی پہلی اور واحد ڈیجیٹل اسلامک لائف انشورنس کمپنی قائم کر دی ہے۔

سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی )کے چیئرمین عاکف سعید نے لائسنس سلام فیملی تکافل کے شریعہ بورڈ کی موجودگی میں سلام فیملی تکافل کے ایم ڈی اور سی ای او رضوان حسین کے حوالے کیا جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ادارے کے آپریشنز اور پیشکش شرعی اصولوں کے عین مطابق ہیں۔سلام فیملی تکافل کے ایم ڈی اور سی ای او رضوان حسین نے لائسنس کے حصول کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی ایس ای سی پی کی ہدایات کے مطابق انشورنس کے جدید اور بہترین ڈیجیٹل حل فراہم کرے گی،اس لائسنس کے ساتھ ہماری نئی کمپنی جلد نیا برانڈ متعارف کرائے گی جو صارفین پر مبنی ہماری اقدار اور جدت سے ہم آہنگ ہوگی۔

صارفین کے لئے گیم چینجر اسلامک لائف انشورنس اور سیونگزپلانز پیش کئے جائیں گے جو عالمی سطح پر اس سے پہلے اسلامک لائف انشورنس کے شعبہ میں نہیں دیکھے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس جامع انفراسٹرکچر کی تشکیل میں کافی کام کیا ہے جس کی بدولت سلام فیملی تکافل سب سے پہلا ڈیجیٹل تکافل آپریٹربنا اور انشاء اللہ ہماری پروڈکٹس شاندار ڈیجیٹل خدمات فراہم کریں گی۔

کمپنی ذرائع نے مطلع کیا ہے کہ سلام فیملی تکافل کی پروڈکٹس مارکیٹ میں دستیاب روایتی لائف انشورنس یا فیملی تکافل پروڈکٹس کے متبادل نہیں ہوں گی بلکہ پالیسی ہولڈرز کے فوائد اور بالکل منفرد فیچرز کے تناظر میں جدید ترین ہوں گی جو ٹیکنالوجی اور رئیل ٹائم میں معلومات کے امتزاج کے ساتھ مستندپیشکش ہوں گی۔

سلام فیملی تکافل لمیٹڈ، سلام تکافل لمیٹڈ کا ذیلی ادارہ ہے جو انشورنس اور تکافل میں ایک جانا پہچانا نام اور پاکستان میں سب سے بڑا جنرل تکافل آپریٹر ہے۔ ڈیجیٹل طریقہ کار اور جدید پروڈکٹس نان لائف انشورنس اور تکافل کے شعبے میں ان کی کامیابی کی بنیاد ہیں۔ نئی کمپنی کے ساتھ یہ لائف انشورنس اور فیملی تکافل کی دنیا میں قدم رکھنے جارہے ہیں۔