27.1 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومتازہ ترینآئی ٹی انڈسٹری کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے میں یو...

آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے میں یو ایس ایف کا کلیدی کرداراداہے،161 منصوبوں ، 4،400 موبائل ٹاورز، 17 ہزار 200کلومیٹرآپٹیکل فائبر کے ذریعے37 ملین افراد کو ڈیجیٹل سروسز فراہم کی گئیں،وزیر آئی ٹی

- Advertisement -

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مکمل صنفی شمولیت کے بغیر ٹیکنالوجی کی ترقی اور قومی ترقی کا حصول مشکل ہوتا ہے، پاکستان کی آئی ٹی صنعت کے فروغ میں یونیورسل سروس فنڈ کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، فنڈ دور دراز علاقوں کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرکے خواتین، اسٹارٹ اپس، فری لانسرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے، معاشی ترقی اور جدت طرازی کو آگے بڑھانے میں بھرپور معاونت کررہا ہے،میاں شہباز شریف نے اپنے مختلف ادوار مین 12 لاکھ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کئے،وزارت آئی ٹی کی طرف سے 45 لاکھ افراد کو ڈی جی اسکلز پروگرامز کے ذریعے آن لائن فری لانسنگ ٹریننگ فراہم کی گئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسل سروس فنڈ کے زیر اہتمام آئی سی ٹی شعبے میں خواتین کے عالمی دن 2025 کے سلسلے میں منعقدہ "گرلز ان آئی سی ٹی فار انکلوسیو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن” کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

- Advertisement -

تقریب میں وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام اور یو ایس ایف کے سینئر حکام، رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی، موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کے سی ای او حارث محمود، جی ایس ایم اے کی کنٹری لیڈ رسائرہ فیصل، ماہرین تعلیم، ممتاز خواتین انٹرپرینیورز، ٹیلی کام سیکٹر بشمول جاز، آئی ٹی اور ٹیلی کام انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ ایک پاکستانی خاتون کی حیثیت سے انہوں نے ایک نوجوان خاتون کی زندگی میں ٹیکنالوجی سے آنے والی تبدیلی کا براہ راست مشاہدہ کیا ہے۔

گزشتہ برسوں کے دوران، ٹیکنالوجی میں خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبے عملی جامہ پہن رہے ہیں جس کے نتیجے میں آج آئی ٹی شعبے میں بہت سی ٹاپ سٹوڈنٹس خواتین ہیں، اور خواتین کی زیر قیادت ٹیک وینچرز نے عالمی پلیٹ فارمز پر بھی دھوم مچانا شروع کر دی ہے۔ یہ کامیابی ان کے انتھک محنت اور حکومتی معاون پالیسیوں کی عکاسی کرتی ہے۔

آئیے مل کر ایک ایسا پاکستان بنائیں جہاں ہر لڑکی اپنی صلاحیتوں کو پورا کرنے کے لئے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرسکے اور جہاں بااختیار بنانا کوئی خواب نہیں بلکہ ڈیجیٹل حقیقت ہو۔نیشنل براڈ بینڈ اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ اپنے قیام سے اب تک یو ایس ایف نے بلاامتیاز ملک کے چاروں صوبوں میں 161 منصوبوں کے ذریعے 4،400 موبائل ٹاورز لگائے ہیں جبکہ 17 ہزار 200کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل کے ذریعے ایک ہزار سے زائد ٹاؤنز اور یونین کونسلوں کو منسلک کیا گیا ہے اس طرح اب تک مجموعی طورپر دور دراز علاقوں کے 3 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد کو ڈیجیٹل سروسز فراہم کی گئی ہیں۔

جس کی وجہ سے ان میں سے بہت سے علاقوں میں خواتین اور لڑکیاں پہلی بار ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہوتے ہوئے اپنی تعلیم، معلومات میں اضافے کے ساتھ ، کاروبار کے شعبے میں ٹیکنالوجی کی سہولیات سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ اس سال وزیر اعظم نے یو ایس یف کو 23 ارب روپے کے فنڈز دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر ائی ٹی نے کہا کہ ہماری وزارت ملک کے نوجوانوں خاص طور پر خواتین کو با اختیار بنانے اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون اور اقدامات کررہی ہے۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ اپنے خطاب میں یونیورسل سروس فنڈ کے سی ای او چوہدری مدثر نوید نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین کے زیر اہتمام 2011 سے عالمی سطح پر منائے جانے والے یوم آئی سی ٹی 2025 کے حوالے سے تقریبکا انعقاداعزاز کی بات ہے۔

یہ موقع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جامع ڈیجیٹل تبدیلی صرف ایک ویژن نہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چوہدری مدثر نوید نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور خاص طور پر وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ کی دور اندیش قیادت میں پاکستان نے ٹیکنالوجی تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے بامعنی اقدامات اٹھائے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو چودھری مدثر نے مزید کہا گذشتہ 2 سال سے یو ایس ایف نے کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا تھا جس کی وجہ یہ تھی کہ ایک جانب ہماری توجہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر تھی تو دوسری جانب وفاقی وزیر آئی ٹی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہدایت کے مطابق نئے منصوبوں کیلئے فیلڈ اور ٹیکنیکل ورک کی تکمیل ہمارا ہدف تھا۔

اب ہم نے 16 منصوبوں کے ٹینڈرز جاری کردیئے ہیں ، یعنی منصوبوں کے آغاز کا باقاعدہ مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔تقریب میں پینل مباحثے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، شرکاء میں شامل سارہ قریشی، یمنا مجید، ماہ نور سلمان،شوانا افتخار نے آئی سی ٹی کے شعبے میں لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے بارے میں اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ کیا۔

جبکہ جی ایس ایم اے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی کنٹری لیڈ سائرہ فیصل، رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی، جاز کی نائب صدرفاطمہ اختر، پروفیسر ڈاکٹر حبیب بخاری اور محترمہ فضر رابعہ نے نے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587018

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں