واشنگٹن۔10اکتوبر (اے پی پی):سمندری طوفان ملٹن بدھ کی رات تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے ساتھ امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرا گیا ۔ امریکا کے نیشنل ہریکین سینٹرکے مطابق ملٹن جو اب شدت میں کمی کے ساتھ کیٹیگری 3 کے طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے ، مقامی وقت کے مطابق بدھ کی رات ساڑے آٹھ بجے فلوریڈا کے گنجان آباد مغربی ساحلی شہر سیسٹا سے ٹکرایا ہے۔
نیشنل ہریکین سینٹرکے مطابق وسطی فلوریڈا میں سمندری طوفان ملٹن کے زیر اثر تیز ہوائیں چل رہی ہیں، موسلا دھار بارش ہو رہی ہے اور کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامناہے ۔سمندری لہروں سے مغربی فلوریڈا کے بہت زیادہ آبادی والے اور نشیبی ساحلی علاقوں کے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ علاقے میں بڑے پیمانے پر افرا تفری اور اموات کا بھی خدشہ ہے۔ نیشنل ہریکین سینٹرکے مطابق ریاست کا سیاحتی مر کز اورلینڈو جو والٹ ڈزنی ورلڈ کا گھر سمندری طوفان کے راستے میں ہے۔
طوفان کےا ندر چلنے والی ہوائوں کی رفتار 205 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔ ملٹن کے راستے میں آنے والے ریاست کے سرسوٹاشہر اور دیگر علاقوں میں کاروبار بند کر دیئے گئے اور ایئرپورٹس پر ہوائی جہازوں کی آمدورفت تاحکم ثانی معطل رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=510809