سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ، حکومت سمندر پار پاکستانیوں کی ملک میں سرمایہ کاری اور ان سرمائے کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے،وزیراعظم عمران خان کی وفد سے گفتگو

119

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ، حکومت سمندر پار پاکستانیوں کی ملک میں سرمایہ کاری اور ان کے سرمائے کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں چیئرمین پاکستان ایسوسی ایشن دبئی ڈاکٹر ضیاء الحسن، صدر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی ڈاکٹر فیصل اکرام اور ممتاز مسلم شریک تھے۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کو دبئی میں مقیم پاکستانیوں کی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاری میں دلچسپی پر گفتگو کی گئی ۔

شرکاء نے نہ صرف بیرونِ ملک پاکستانیوں کو انتخابات میں رائے دہی کے حق کی فراہمی بلکہ رقوم کی منتقلی کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات پر حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔