31.6 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومعلاقائی خبریںسندھ حکومت پرائمری ہیلتھ کیئرکومضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعلیٰ مراد علی...

سندھ حکومت پرائمری ہیلتھ کیئرکومضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ

- Advertisement -

کراچی۔ 15 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کیلئے پرائمری ہیلتھ کیئر(پی ایچ سی )کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔منگل کو وزیراعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے کراچی میں آغا خان یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ "نیشنل سمپوزیم برائے پرائمری ہیلتھ کیئر: پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کی بنیاد”سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے آغا خان یونیورسٹی کی اس اہم اور بروقت کاوش کو سراہا، جو عالمی صحت کی ترجیحات اورسندھ حکومت کے صحت مند معاشرے کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت ہمیشہ سندھ حکومت کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا مرکزی نکتہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19کی وبا نے ایک مضبوط اور پائیدار نظامِ صحت کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا، جس کی بنیاد بنیادی صحت کی سہولیات پر ہونی چاہیے۔انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے کی جانے والی متعدد اصلاحات اورسرمایہ کاری کا ذکر کیا جن میں تیسرے درجے کی صحت کی سہولیات میں بہتری اور بنیادی صحت کی سہولیات میں توسیع شامل ہیں۔ انہوں نےغیر متعدی بیماریوں سے نمٹنے اور کمیونٹی کی سطح پر صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام جیسے اقدامات کو اجاگر کیا، جس کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1990کی دہائی میں کیا تھا۔

- Advertisement -

انہوں نے "پیپلز پرائمری ہیلتھ انیشی ایٹو” اور ضلعی اسپتالوں کو ماہر این جی اوز کے حوالے کرنے جیسے کامیاب ماڈلز کا حوالہ دیا جنہیں وسعت دی جا سکتی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے صحت کے بجٹ میں خاص طور پر احتیاطی اور بنیادی نگہداشت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کو ٹرانسپورٹیشن منصوبہ بندی سے لے کر ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات تک تمام شعبوں میں شامل کرنا چاہیے۔انہوں نے آخر میں یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت سمپوزیم کی سفارشات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ایک صحت مند سندھ اور صحت مندپاکستان کی جانب اپنے سفر کو جاری رکھے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582285

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں