27.1 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومعلاقائی خبریںسندھ حکومت کا ڈیبٹ،کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی نہ لینے والے ریسٹورنٹ کے...

سندھ حکومت کا ڈیبٹ،کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی نہ لینے والے ریسٹورنٹ کے خلاف کریک ڈائون

- Advertisement -

کراچی۔ 08 مئی (اے پی پی):سندھ حکومت نے شہریوں سے ڈیبٹ،کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی نہ لینے والے ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، کافی شاپس اور بریانی سینٹرز کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق محکمہ بیورو آف سپلائی پرائسز کی سندھ کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں بڑا ایکشن لیتے ہوئے کلفٹن کے معروف ریسٹورنٹس کراچی بروسٹ، فرنٹیئر، بیٹھک، نہاری ان اور دیسی ڈیرہ کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔

ان کاروباری اداروں کو سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2014کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس دیا گیا ہے اور ان کے خلاف باقاعدہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل بیورو آف سپلائی پرائسز زاہد حسین شرنے واضح کیا کہ کراچی سمیت صوبہ بھر میں جو ریسٹورنٹس صارفین کو ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم نہیں کر رہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوامی شکایات پر اتھارٹی کے سیکشن 23(4) کے تحت اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اس سنگین خلاف ورزی پر مناسب قانونی کارروائی عمل میں لانے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر میر شاہنواز کی جانب سے متعلقہ کاروباری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اس خلاف ورزی کو بند کریں۔ انہوں نے ریسٹورنٹس کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر یا اپنے مجاز نمائندے کے ذریعے اتھارٹی کے دفتر میں حاضر ہو کر اس نوٹس کا جواب دیں، واضح کیا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سندھ حکومت کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ صارفین کو ادائیگی کے مختلف طریقے فراہم کرنا کاروباری اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594482

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں