سندھ میں ہمارا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں مافیا سے ہے،علی زیدی

68

کراچی۔2جنوری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ سندھ میں ہمارا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں مافیا سے ہے ،ہمیں سندھ کے مافیاکیخلاف ایک ہونا ہے ،سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف بنائے گی ۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارا نہوں نے انصاف ہائوس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر و فاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے نظریہ سے تحریک انصاف کا قیام ہوا، عمران خان کا نظریہ خودی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کرکٹ کے میدان میں بھی عمران خان نے فتح حاصل کی ،شوکت خانم کے قیام پر لوگوں نے کہا ناممکن ہے مگرعمران خان کامیاب ہوئے۔علی زیدی نے مزید کہا کہ ہماری طاقت ہم سب کا ساتھ ہے۔ہمیں سندھ کے مافیاکیخلاف ایک ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھ پر بھروسہ کیااور سندھ کی صدارت کی ذمہ داریاں دی۔

علی زیدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے بہت جدوجہد کی اور اس جدوجہد میں مشکلات کا سامنا بھی کیا ہے لیکن پی ٹی آئی کے کھلاڑیوں نے اپنی ہمت نہیں ہاری۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت بنائیں گے ۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ اتحاد ،یقین، تنظیم کے اصولوں پر چلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے متحد ہوکر کسی بھی مشکل کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔