23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںسنٹرل پولیس آفس پشاور میں محکمہ پولیس خیبر پختونخوا اور نادرہ کے...

سنٹرل پولیس آفس پشاور میں محکمہ پولیس خیبر پختونخوا اور نادرہ کے مابین معاہدہ

- Advertisement -

پشاور۔ 16 اپریل (اے پی پی):سنٹرل پولیس آفس پشاور میں محکمہ پولیس خیبر پختونخوا اور نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مابین معاہدے پر دستخط ہوگئے۔محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی فنانس اینڈ پروکیورمنٹ فداحسن اور نادرا کی جانب سے ای سہولت مرکز کے محمد عرفان انور نے معاہدے پر دستخط کئے۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر نادرا محمد عمر خان آزاد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ای سہولت ملک یاسین علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔معاہدے کے تحت عوام الناس کی آسانی کے لیے شناختی کارڈ کی تصدیق کی فراہمی پولیس سہولت مرکز میں ایک چھت تلے یقینی بنائی گئی ہے۔

معاہدے کی روسے ابتدائی طور پر پولیس کلیئرنس سرٹیفیکیٹ،بیرون ملک کلیئرنس کے سرٹیفکیٹ ، ویزے کے حصول کیلئے کلیئرنس سرٹیفیکیٹ سمیت گھریلو ملازمین کے تصدیقی پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن اور خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے فراہم کردہ دیگر سہولیات کے حصول میں عوام کو شناختی کارڈ کی تصدیق کے لیے ای سہولت یا نادرا دفاتر سے تصدیق کرانی پڑتی ہے جس سے عوام کے وقت کا ضیاع ہوتا تھا۔ اس معاہدے کے بعد پولیس سہولت مرکز میں موجودہ سہولیات کے ساتھ اب سائل نادراکے شناختی کارڈ کی تصدیق بھی موقع پر کی جائے گی۔

- Advertisement -

شناختی کارڈ کی تصدیق کی سہولت کے لیے پولیس سے 120روپے فی تصدیق فیس لی جائے گی جو کہ سہولت مرکز میں حکومت کی طرف سے سیکیورٹی کلیئرنس سرٹیفکیٹ کےلئے مقرر کردہ فیس کا ہی حصہ ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن کے مطابق عوامی خدمات میں آسانی اور بہتری کے لیے پولیسنگ کے معیار کو بڑھایا جارہا ہے۔

دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق نت نئی سہولیات متعارف کرائی جارہی ہیں جس میں آنے والے دور میں موبائل کے ذریعے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور یہ کہ پولیس سہولت مراکز وابستہ عوامی توقعات کے مطابق خدمات میں انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہونگے۔آئی جی پی ذوالفقار حمید کی اولین ترجیح جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی مشکلات کو کم وقت میں حل کرکے پولیس پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنا اور آپس کے فاصلوں کو کم کرنا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582762

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں