پشاور۔ 26 جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا بھر میں 29 یتیم اور نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں محکمہ زکوٰۃ و عشر خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام اجتماعی شادی خانہ آبادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے 29 مستحق اور نادار جوڑوں کی شادیاں انجام پائیں۔
نئے جوڑوں اور ان کے والدین، عزیز و اقارب کے لیے سادہ و پُرتکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب کے دوران محکمہ زکوٰۃ و عشر کی جانب سے ہر جوڑے کو دو لاکھ روپے مالیت کا چیک بطور جہیز فنڈ فراہم کیا گیا تاکہ وہ اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز معاشی اعتماد اور سہولت کے ساتھ کر سکیں۔ اس پرمسرت موقع پر صوبائی چیئر مین زکوۃ و عشر کونسل امتیاز علی خان، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر، ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب، ضلعی چیئرمین زکوۃ و عشر ملک آصف علی شہزاد، مئیر سٹی کونسل شاہد علی،
تحصیل چیئر مین کبل سعید خان اور تحصیل چیئرمین بحرین میاں شاہد علی نے خصوصی شرکت کی جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران، ویلیج کونسل چیئرمین اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے حکومتِ خیبرپختونخوا کی اس فلاحی اقدام کو معاشرتی ہم آہنگی، انفرادی وقار اور ریاستی ذمہ داری کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا فراہم کرتے ہیں بلکہ اسلامی معاشرتی اقدار کی ترویج میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔