پشاور۔ 24 اپریل (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) سوات حفصہ گل نے کہا ہے کہ رواں سال بچوں کے لیے داخلہ مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، جس کا مقصد ہر بچے کو تعلیم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے پروگرام حال احوال میں میزبان فضل خالق خان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ داخلہ مہم یکم مارچ سے شروع ہے جو 30 اپریل تک جاری رہے گی۔
رواں سال سوات میں ہزاروں بچوں کے سکول داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور بچوں کو مفت کتابیں، بیگ، یونیفارم اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ مہم نہ صرف شہروں بلکہ دیہی و دور دراز علاقوں میں بھی مؤثر انداز میں جاری ہے۔ والدین کو شعور دینے کے لیے کمیونٹی میٹنگز، آگاہی واک اور میڈیا مہم کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچی یا بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ داخلے کے بعد ڈراپ آؤٹ کم کرنے کے لیے اساتذہ کی تربیت، سکولوں میں سہولیات کی بہتری اور والدین کے ساتھ رابطے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں سکول یا اساتذہ کی کمی ہے، وہاں فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اگر کسی کو شکایت ہو تو محکمہ تعلیم کے دفاتر میں رابطہ کیا جا سکتا ہے۔آخر میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) سوات نے والدین، معمر افراد اور کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں خاص طور پر بچیوں کو سکول ضرور بھیجیں تاکہ ایک روشن اور باوقار مستقبل کی بنیادرکھی جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587192