سوتی دھاگہ اور سوتی ملبوسات کی پیداوار میں عمومی اضافے کارجحان

140
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):ملک میں سوتی دھاگہ اور سوتی ملبوسات کی پیداوار میں جاری مالی سال کے دوران عمومی اضافے کارجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر تک کی مدت میں ملک میں سوتی دھاگہ کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 0.82 فیصد اور اکتوبر کے مہینہ میں ماہانہ بنیادوں پر 0.75 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسی طرح سوتی ملبوسات کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 0.34 فیصد اور اکتوبر کے مہینہ میں ماہانہ بنیادوں پر 0.17 فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 1152195ٹن سوتی دھاگہ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دورا ن ملک میں 1142840 ٹن سوتی دھاگہ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔ اکتوبر میں 288055 ٹن سوتی دھاگہ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 0.75 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ملک میں 285900 ٹن سوتی دھاگہ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ملک میں 350130000 مربع میٹر سوتی ملبوسات کی پیداوار ریکارڈ کی گئی ۔

گزشتہ سال کی اسی مدت میں ملک میں348942000 مربع میٹر سوتی ملبوسات کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔ اکتوبر کے مہینہ میں ملک میں 87525000 مربع میٹر سوتی ملبوسات کی پیداوار دیکھنے میں آئی جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 0.17 فیصدزیادہ ہے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں ملک میں 87375000 مربع میٹر سوتی ملبوسات کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔ جاری مالی سال کے دوران ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طورپر 3.56 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔