سوتی دھاگہ کی برآمدات میں 49 فیصد اضافہ

سوتی دھاگہ کی برآمدات میں 49 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):سوتی دھاگہ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 49 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 670 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 449 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ جنوری میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کا حجم 81 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 68 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

دسمبر کے مقابلے میں جنوری میں سوتی دھاگہ کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 15 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ دسمبر میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 95 ملین ڈالر حاصل ہوئے جو جنوری میں کم ہو کر 81 ملین ڈالر ہوگئے۔

واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 9.73 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 10.038 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔