اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج ہم وزارت کے تحت سٹیم پروگرام کا افتتاح کررہے ہیں، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے سٹیم پروگرام میں شامل مضامین عالمی دنیا میں خاص اہمیت اختیار کرچکے ہیں۔
بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام 2020 میں تخلیق کیا گیا، میں اور میری ٹیم محنت کرکے اس پروگرام کو عملی شکل میں لائے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 50 سکولز میں سٹیم پروگرام کو متعارف کروایا جائے گا،
اس پروگرام کے تحت سکولوں میں لیبارٹریز قائم کی جائیں گی، سٹیم پروگرام کے تحت اساتذہ کو تربیت دی جائے گی، ان سکولز کو یونیورسٹی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، 50 سکولز کا انتخاب سیاسی بنیادوں پر نہیں میرٹ پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان سکولز کو ایک عمل سے گزارنے کے بعد منتخب کیا گیا ہے، امید ہے سٹیم سکولز سے ترقی کے سفر کا آغاز ہوگا، سٹیم سکولز کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔