سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا ”اولڈ پارلیمنٹرینز فورم“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

86
APP32-07 ISLAMABAD: February 07 - Speaker National Assembly Asad Qaiser addressing during inaugural session of Former Parliamentarian Forum. APP

اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت بے شمار معاشی و سماجی مسائل سمیت سنگین داخلی و خارجہ چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں ہر قسم کے سیاسی اختلافات اور وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کے لئے مل کر کام کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں ”اولڈ پارلیمنٹرینز فورم“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ اس اہم فورم کے قیام کے لئے سابق سپیکر ایاز صادق، سید خورشید احمد شاہ، سابق وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد اور زمرد خان کا کردار لائق تحسین ہے، یہ ایک اچھا فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے، اس کے لئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، سب سے اہم ہمارے لئے پاکستان ہونا چاہیے، ملک میں امن اور قانون کی حکمرانی ہو گی تو ملک ترقی کرے گا، اس لئے ہمیں سیاسی اختلافات اور سیاسی مقاصد سے بالاتر ہو کر مل جل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں خصوصی افراد، یتیم بچوں اور معذوروں کے لئے چاروں صوبوں میں ایک ایک ویلج بنانا چاہتے ہیں جس میں سکول، ہسپتال اور کھیلوں کے میدان ہوں گے، اس کے قیام کے لئے تمام سرکاری و نجی تنظیموں کی معاونت حاصل کی جائے گی۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہم اسمبلی کے کردار کو موثر بنانے کے لئے ایک پانچ سالہ پروگرام مرتب کر رہے ہیں، قانون سازی اسمبلی کا بنیادی کام ہے، اس کو مستحکم بنایا جائے گا، ہمیں اپنی ذات اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کو درپیش سنجیدہ داخلی اور خارجی مسائل سے نکالنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق ارکان پارلیمنٹ کو کمیٹیوں میں مدعو کر کے ان سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ سابق ارکان پارلیمنٹ ہمیں ملک کو معیشت کے بحران کے حل اور پانی کی قلت جیسے مسائل سے نجات دلانے کے لئے معاونت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہوں تاہم سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا مسئلہ اس کے راستے میں حائل ہے، موجودہ پارلیمنٹ کے کردار کو موثر بنانے کے لئے ہمٰں سابق ارکان پارلیمنٹ کی رہنمائی کی حاصل کی جائے گی۔