
اسلام آباد۔ 16 نومبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کی جس میں پاک۔سعودی عرب تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سعودی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پا کستان اورسعودی عرب کے مابین برادرانہ دیرینہ تعلقات ملکی او رعوامی سطح کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے، سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور فراخدلانہ مد د کی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سعود ی عرب کے دورہ کے دوران انہیں جو عزت افزائی ملی ہے اس نے دوطر فہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کےلئے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور اپنے ملک کےلئے قیمتی زرمبادلہ بھیج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث پاکستانیوں کےلئے خصوصی رعایت کا اعلان کیا جائے، سعودی عرب کی چین۔پاک اقتصادی راہداری منصوبے میں شمولیت خوش آئند ہے، قومی اسمبلی میں پاک۔سعودی فرینڈ شپ گروپ کو فعال کرکے دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔