سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا قائمہ کمیٹیوں کے کام اور افعال پر منعقد ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

102

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عوام کا حقیقی نمائندہ ادارہ ہونے کی حیثیت سے عوام کی فلاح و بہبود کےلئے قانون سازی کرنا پارلیمان کی بنیادی ذمہ داری ہے اور قانون سازی میں قائمہ کمیٹیوں کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا، پارلیمانی نظام میں قائمہ کمیٹیاں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں خصوصاً حکومتی نگرانی اور احتساب میں ان کا کردار انتہائی اہمیت ہے حامل ہے، قانون سازی اور ایگزیکٹو کے احتساب کے ذریعے قائمہ کمیٹیاں عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں ایک فعال کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں قائمہ کمیٹیوں کے کام اور افعال پر منعقد ہونے والی 2 روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ سپیکر نے قائمہ کمیٹیوں کے کام کے دوران درپیش آنے والی مشکلا ت کو حل کرنے اوررکاوٹوں کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کو مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کےلئے اگر قوانین میں ترامیم کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کے کام میں چیئر پرسنز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذا چیئرپرسن کو اپنی متعلقہ کمیٹی کے تمام افعال سے بخوبی آگاہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے قائمہ کمیٹیوں کے چیئر پرسنز کو ہر ممکن ماہرانہ اور تحقیقی معاونت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی آئندہ پانچ سالوں کےلئے ایک خصوصی سٹرٹیجک پلان تیار کر رہی ہے، اس پلان میں قائمہ کمیٹیوں کے نظام کو مزید مو¿ثر اور فعال بنانے کےلئے خصوصی اقدامات شامل کئے جائیں گے۔ انہوں نے قائمہ کمیٹیوں کے چیئر پرسنز کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ کرنے اور قائمہ کمیٹیوں کے کام کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر موجود چیئر پرسنز نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے سلسلہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سپیکر پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر قائمہ کمیٹیوں کے نظام کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ انہوں نے سپیکر کو قائمہ کمیٹیوں کے کام کے دوران درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور کمیٹی سسٹم کو مضبوط بنانے میں اپنی تجویز دیں اور اس سلسلہ میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ورکشاپ میں شرکت کرنے والے چیئر پرسنز میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف ریاض فتیانہ، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن سیّد امین الحق، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، اقتصادی امور و مالیات فیض اللہ، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے نجکاری سیّد مصطفٰی محمود، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ساجد مہدی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریاستیں و سرحدی امور ساجد خان، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار ساجد حسین طوری اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریلوے محمد معین وٹو شامل تھے۔