سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزراءاور اپوزیشن اراکین اسمبلی کی شرکت

54
APP84-22 ISLAMABAD: November 22 - Opposition members called on Speaker National Assembly Asad Qaiser at Parliament House. Law Minister Farukh Naseem also present on the occasion. APP

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کے دوران پارلیمانی آداب کو یقینی بنانے کیلئے سپیکر کی سربراہی میں ایک ضابطہ اخلاق کمیٹی پر اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران غیر پارلیمانی رویہ اختیار نہ کرنے اور پارلیمانی آداب کا خیال رکھنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراءاور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ ہوا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں ایوان میں موجود تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر شامل ہوں گے۔ کمیٹی اس امر کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اجلاس کی کارروائی کے دوران کوئی بھی رکن غیر پارلیمانی رویہ اختیار نہ کرے اور پارلیمانی آداب کا خیال رکھے۔ اجلاس کے دوران شرکاءنے سپیکر کو یقین دہانی کرائی کہ اس ضمن میں تمام جماعتیں ان سے بھرپور تعاون کریں گی۔ اجلاس میں وزیر قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، ملیکہ علی بخاری، سردار ایاز صادق، رانا ثناءاللہ، خواجہ سعد رفیق، سید نوید قمر اور رانا تنویر شامل تھے۔