اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور قائم مقام سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ایسٹر خوشی، امن اور بھائی چارے کا پیغام لاتا ہے،حضرت عیسیٰؑ نے امن، محبت اور رواداری کا درس دیا ہے،حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا امن، محبت اور رواداری کا پیغام تمام قومیتوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اقلیتوں کو آئینی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے،اقلیتیوں کو آئین پاکستان کے تحت مذہبی رسومات منانے کی آزادی حاصل ہے،مسیحی برادری پاکستان کی ترقی میں قابل فخر کردار ادا کر رہی ہے۔
قائم مقام سپیکر نے بھی مسیحی برادری اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کو مذہبی آزادی دینا آئینی و قومی ذمہ داری ہے۔
سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ کا پیغام تمام قومیتوں کیلئے مشعلِ راہ ہے،مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی حمایت کی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584711