سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت

143

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے پاک فوج کے جوانوں کی طرف سے بروقت کاروائی اور تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے فائرنگ کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم اور دکھ کی اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم اور صدمے میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد دشمن کے ناپاک عزائم پر عمل پیرا ہیں اور وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بے گناہ شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ملک دشمن شر پسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں گرفتار کر کہ قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔