سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات،باہمی دلچسپی کےامور بارے تبادلہ خیال کیا

175
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات،باہمی دلچسپی کےامور بارے تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر نے سعودی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کےدرمیان برادرانہ تعلقات مذہب، ثقافت اور مشترکہ روایات کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،دونوں برادر ممالک آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت حرمین شریفین کے متولی اور سعودی قیادت کا بے پناہ احترام کرتے ہیں،سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں دل کھول کر کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے علاقائی ترقی کے لیے ضروری ہیں،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کر لیے پر عزم ہے،باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون ضروری ہے۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے،پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،سعودی عرب پاکستان کو اپنا مخلص دوست اور بااعتماد بھائی سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کا کردار قابل ستائش ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ خوش آئند ہے