سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا یوم مئی کے موقع پر پیغام

86

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ یوم مئی ہمیں محنت کش طبقے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے جو ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،ظلم و ستم، استحصال اور ناانصافی کے خلاف شکاگو میں جان بحق ہونے والوں مزدوروں کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے ہم مزدور طبقے کی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،آج کا دن پاکستانی مزدور کمیونٹی کے کردار، صلاحییتوں، کام سے لگاؤ، ملک کی خوشحالی اور ترقی پسند قوم کے عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم مئی کے موقع پر جاری پیغام میں کیا جو  اتوار کو دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی تر قی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے لہذا ہم پر لازم ہے کہ ان کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے معاوضے کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب معاشروں نے اپنے محنت کش طبقے کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت مزدوروں کی تر قی اور خوشحالی کے لئے مزدور دوست پالیسیاں وضع کررہی ہے۔سپیکر نے کہا کہ ملکی تر قی کے لیے حقوق اور فرائض میں توازن انتہائی ناگزیرہے۔

انہوں نے مزدور برادری کو یہ پیغام دیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے محنت جانفشانی سے اپنا کردار ادا کر تے رہیں۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر کی افرادی قوت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ افرادی قوت کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ جمہوری حکومت مزدور برادری اور ان کے خاندانوں کے فلاح وبہبود کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے وزیر منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت 25000ہزار مقرر کی ہے جو مزدور برادری کے حقوق کے تحفظ کی عکاسی ہے۔انہوں نے مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بہتر معیار زندگی کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔