اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپاہی مقبول حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بہادری، جرات اور شجاعت کی عظیم داستان رقم کی، ان کی وطن سے لازوال محبت کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
بدھ کو سپاہی مقبول حسین کی چھٹی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارتی جیل میں سپاہی مقبول حسین کی پاکستان زندہ باد کے نعرے کی پاداش میں زبان کاٹی گئی مگر انہوں نے وطن کے راز اپنے سینے میں محفوظ رکھے۔
انہوں نے کہا کہ سپاہی مقبول حسین نے 40 سال بھارتی جیل میں قید و بند کی طویل صعوبتیں جھیلیں اور اپنے خون سے پاکستان زندہ باد لکھ کر وطن سے انمول محبت و وفاداری کا اظہار کیا، انہوں نے ملک کی خاطر بھارتی جیل میں ہر قسم کی بربریت اور تشدد برداشت کرنے کے باوجود وطن کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا، ان کی جرات، بہادری اور وطن سے محبت ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے، پوری قوم سپاہی مقبول حسین کی برسی کے موقع پر ان کی جرات، بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کرتی ہے۔سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے سپاہی مقبول حسین کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=498325