اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میاں محمد نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا دوبارہ بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے صدر مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا بطور پارٹی صدر انتخاب ملکی تعمیر و ترقی کیلئے نیک شگون ثابت ہو گا، وہ ایک مخلص، زیرک، بردبار اور محب وطن سیاسی رہنما ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا بطور صدر (ن )لیگ انتخاب مسلم لیگ (ن )کے قائدین اور کارکنوں کا ان پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی مدبرانہ قیادت میں مسلم لیگ (ن) مزید فعال ہو گی ، ان کی قیادت میں مسلم لیگ (ن )ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے، انہوں نے ملکی مفادات کی خاطر کٹھن فیصلے کئے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا، انہوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں، ان کے (ن )لیگ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے سے جمہوریت کو مزید فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مواصلات کے شعبے نے سب سے زیادہ ترقی کی، پاکستان میں موٹر ویز کے جال بچھانے کا سہرا میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے، ان کی قیادت میں مسلم لیگ (ن ) ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ کے دیگر قائدین کی کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے ملکی ترقی و استحکام کیلئے دعا بھی کی۔