اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے بیلجیئم پاکستان فرینڈ شپ گروپ کی چیئرپرسن ایلیسیا کلیس کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بیلجیئم پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سپیکر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،بیلجیئم کے پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک میں پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے میں اہم پیش خیمہ ثابت ہو گا،دونوں ممالک میں اقتصادی و تجارتی شعبوں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کے لیے چیلیجز ہیں،پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے حالیہ سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بیلجیئم سمیت دیگر دوست ممالک کے فراخدلانہ تعاون پر پاکستان کی پارلیمان کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بیلجیئم کی پارلیمانی وفد کی سربراہ ایلیسیا کلیس نے پاکستان میں وفد کے پرتپاک استقبال اور خیر مقدم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بیلجیئم پاکستان کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہےپاکستان کا دورہ کر کے دلی خوشی ہوئی۔پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکین کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع ملیں گے۔ بیلجیئم پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور معاشی و سماجی ترقی کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=346495